سینئر قائدین پی چدمبرم اور ڈگ وجے سنگھ کا نام دوڑ میں شامل
نئی دہلی: کانگریس صدر عہدے کے امیدوار ملیکا ارجن کھڑگے اب راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہیں گے۔ ملیکا ارجن کھڑگے نے راجیہ سبھا میں لیڈر اپوزیشن کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ کانگریس صدر سونیا گاندھی کو سونپ دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس میں ‘ایک شخص ایک عہدہ‘ کے اصولوں کے تحت ملیکا ارجن کھڑگے نے یہ استعفیٰ دیا ہے۔ کھڑگے کانگریس صدر کے الیکشن میں ابھی سے سب سے مضبوط دعویدار مانے جا رہے ہیں۔ ان کا سیدھا مقابلہ ششی تھرور سے ہوگا۔وہیں، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ملیکا ارجن کھڑگے کے استعفیٰ کے بعد پی چدمبرم اور ڈگ وجے سنگھ کا نام دوڑ میں آگے مانا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کے لئے چیلنج یہ ہے کہ کانگریس صدر عہدہ اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر دونوں جنوب سے ہونے پر کانگریس کے لئے شمال اور جنوب میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔ اس لئے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ شمالی ہندوستان کے لیڈر کو دیا جاسکتا ہے اور ایسے میں ڈگ وجے سنگھ اپوزیشن لیڈر بن سکتے ہیں۔