نئی دہلی، 26 نومبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے یومِ آئین کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت کی حفاظت اور ملک کی اتحاد، سالمیت اور ہم آہنگی برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہاکہ سیاسی جمہوریت اس وقت تک قائم نہیں رہ سکتی، جب تک اس کی بنیاد میں سماجی جمہوریت موجود نہ ہو۔ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے اس قول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے بنیادی اصولوں، یعنی انصاف، آزادی، مساوات، اخوت، سیکولرازم اور سوشلزم کا تحفظ کرنا سب سے بڑی ذمہ داری ہے ۔