جبل پور میں نیشنل اسکول گیمس کے تلنگانہ کھلاڑیوں کو ونود کمار کی مبارکباد
حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں تلنگانہ ریاست کا نام روشن ہو۔ ونود کمار آج جبل پور میں تلنگانہ سے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کررہے تھے جو 65 ویں نیشنل اسکول گیمس فیڈریشن کراٹے چمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے جبل پور پہنچے۔ مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں ونود کمار نے تلنگانہ کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ 14 سال کی عمر کے زمرے میں بی سمترا اور ٹی سدھارتھ جبکہ 17 سال کے زمرے میں ٹی اودئے کا انتخاب عمل میں آیا۔ ان کے ہمراہ کراٹے کوچ عبدالباقی اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ ونود کمار نے امید ظاہر کی کہ تینوں کھلاڑی اپنی بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل اسکول گیمس میں تلنگانہ کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کھلاڑیوں کی بہتر طورپر حوصلہ افزائی کررہی ہے اور کھیل کود کے مواقع فراہم کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے قومی کراٹے چمپئن شپ میں تلنگانہ کے تین کھلاڑیوں کے انتخاب کو ریاست کے لیے خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ تینوں کھلاڑیوں کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ ونود کمار نے تینوں کھلاڑیوں سے نیک توقعات وابستہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مستقبل میں انہیں اس طرح کے قومی مقابلوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔