سنت طریقہ صحت کیلئے فائدہ مند، سائنسی ریسرچ سے اسلامی آداب کی توثیق
حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسلام نے زندگی کے ہر شعبہ میں انسان کی رہنمائی کی ہے تاکہ صحتمند زندگی بسر کی جاسکے۔ سنت نبویؐ کے تحت زندگی بسر کرتے ہوئے ہر شخص بیماریوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے 1500 برس قبل جو آداب سکھائے تھے آج سائنس اُن کی تصدیق پر مجبور ہوچکی ہے۔ کھانے پینے اور آرام کے سلسلہ میں سنت کے مطابق عمل کرنے سے انسان مہلک امراض سے محفوظ رہے گا۔ حالیہ ریسرچ میں اِس بات کا پتہ چلا ہے کہ کھڑے ہوکر کھانے والے افراد نہ صرف موٹاپے کا شکار ہوسکتے ہیں بلکہ ہاضمہ کے مسائل سے دوچار ہونے کا خطرہ برقرار رہے گا۔ سنت نبویؐ کے مطابق زمین پر بیٹھ کر کھانا افضل ہے لیکن علماء نے مجبوری کے تحت کرسی پر بیٹھ کر کھانے کی اجازت دی ہے۔ عام طور پر دعوتوں اور پارٹیوں کے موقع پر بفیٹ سسٹم تیزی سے رائج ہوچکا ہے جہاں لوگ مختلف ڈشس حاصل کرنے کے لئے ایک مقام سے دوسرے مقام کا چکر لگاتے ہیں اور کھڑے ہوکر ہی کھانے پر مجبور ہیں۔ سائنسی تحقیق سے سنت نبویؐ کے مطابق بیٹھ کر کھانے کو انسان کے لئے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ ریسرچ کے مطابق کھڑے ہوکر کھانے سے وزن میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کھڑے ہوکر کھانے والا غذا سے مطمئن نہیں ہوسکتا کیوں کہ غذا تیزی سے پیٹ میں پہونچ جاتی ہے اور وہ زیادہ کھانے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق کھڑے ہوکر کھانے سے ہاضمہ کا نظام متاثر ہوسکتا ہے اور ایسیڈیٹی کی شکایت بڑھ سکتی ہے۔1