کھیل رتن کے لئے نامزد ہونااعزاز:رانی رامپال

   

بنگلورو۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی کپتان رانی نے ملک کے سب سے اعلیٰ ترین کھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے لئے بڑے فخر کی بات ہے ۔ہاکی انڈیا نے کھیل رتن کے لئے رانی کو نامزد کیا تھا جبکہ وندنا کٹاریا اور مونیکا کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ مرد ٹیم سے ڈفینڈرہرمن پریت سنگھ کا نام ارجن ایوارڈ کے لئے وزارت کھیل کو بھیجا۔پدم شری ایوارڈیافتہ رانی نے کہا کھیل رتن ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پرمجھے فخر محسوس ہو رہاہے . میں اس بات سے خوش ہوں کہ ہاکی انڈیا نے ملک کے سب سے اعلیٰ کھیل ایوارڈ کے لئے میرے نام کی سفارش کی ہے ۔ ان کا تعاون ہمیشہ ٹیم اور مجھے حوصلہ دیتا ہے ۔رانی نے ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد وندنا اور مونیکا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ بہت اچھا ہے کہ خاتون ٹیم سے دوکھلاڑیوں کے نام ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کئے گئے ہیں۔میں وندنا اور مونیکا کو اس کے لئے مبارک باد دیتی ہوں۔ دونوں کھلاڑی اس کے حقدار ہیں۔ خاتون ٹیم سے دوکھلاڑیوں کے نام ارجن ایوارڈ کے لئے جانا یہ اشارہ ہے ٹیم صحیح سمت میں ہے اور یہ ہمیں عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے راغب کرے گا ۔