ایل بی اسٹیڈیم میں کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میچ ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد:۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سرکاری ملازمین کو کام کاج کے ساتھ کھیل کود پر توجہ دیتے ہوئے اپنی فٹنس بنائے رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں سے ذہنی تناؤ بھی گھٹتا ہے جو صحت مند معاشرے کے لیے بے حد ضروری ہے ۔ وزیر نے آج ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میچ سے قبل خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہنے سے انسان کی صحت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ایک دور اندیش قائد ہے ۔ وہ سرکاری ملازمین کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں ۔ اس کی یکسوئی کے لیے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ انہیں یقین ہے بہت جلد سرکاری ملازمین کو خوش خبری ملے گی۔ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے 14 سال تک جدوجہد کی جس میں این جی اوز کی حصہ داری ناقابل فراموش ہے ۔ تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے چیف منسٹر 6 سال سے دن رات کام کررہے ہیں ۔ تلنگانہ مختصر عرصہ میں ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے معاملے میں سارے ملک میں ایک مثالی ریاست بن کر ابھری ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا بحران کی وجہ سے سماجی نظام درہم برہم ہوا ہے ۔ جس سے تمام لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ کورونا کے بعد یہ پہلا موقع ہے جس میں سرکاری ملازمین کے لیے کرکٹ ٹورنمنٹ منعقد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ اس طرح کے کھیلوں میں حصہ لینے سے ملازمین تندرست رہتے ہیں ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ میڈیا کے نمائندوں کی ٹیم کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ انہیں بھی تفریح کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ اس تقریب میں اسپورٹس اتھاریٹی کے صدر نشین اے وینکٹیشور ریڈی ، صدر این جی اوز راجندر حیدرآباد سٹی این جی اوز صدر مجیب ، دیوی پرساد اور دیگر موجود تھے ۔۔