دو سیاسی جماعتوں سے امیدواروں کا اعلان، بی آر ایس سے محدود امیدواروں کو بی فارمس کی تقسیم
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں دو سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں تیزی پیدا ہوچکی ہے ۔ بھارت راشٹر سمیتی نے اپنے بیشتر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کافی پہلے کردیا تھا لیکن آج ان میں محض 51 امیدواروں کو ’بی فارم‘ جاری کئے جانے کے بعد سیاسی حلقوں میںدوبارہ ہلچل پیدا ہوچکی ہے۔کانگریس پارٹی کی جانب سے صبح کی اولین ساعتوں میں 55 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کئے جانے اور بی آر ایس کی جانب سے 51 امیدواروں کو ’بی فارم ‘ جاری کئے جانے کے بعد ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور جن امیدوارو ںکے ناموں کا اعلان کیا جاچکا ہے ان امیدواروں نے اپنے اپنے حلقہ جات اسمبلی میں عوام کے درمیان پہنچ کر ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور بعض امیدوار جو پہلے سے اس بات سے مطمئن تھے کہ ان کو لازمی ٹکٹ حاصل ہوگا وہ اپنے اپنے حلقہ جات میں خدمات انجام دے رہے تھے اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنا ہمنوا بنانے میں مصروف تھے ۔تلنگانہ میں نوراتری تہوار کے آغاز کے ساتھ ہی دو اہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے نصف نشستوں پر امیدواروں کو قطعیت دے دیئے جانے کا فیصلہ منظر عام پر آنے کے بعد پارٹی کارکنوں و قائدین میں کہیں خوشی تو کہیں غم کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھارت راشٹر سمیتی اور کانگریس اپنے ناراض پارٹی کارکنوں اور قائدین کو منانے کے لئے مکمل منصوبہ کے ساتھ سرگرم ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں کے دوران ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کو پارٹی ہائی کمان سے اس بات کی ہدایا ت جاری کردی جائیں گی کہ وہ اپنے اپنے حلقہ جات اسمبلی میں رہتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں اور انہیں پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کریں۔