کیا حیدرآباد کی صنعتی نمائش مشاہدین کیلئے محفوظ ہے!

   

امسال سوسائٹی نے محکمہ فائر سیفٹی سے این او سی نہیں لیا،اسٹالس کیلئے جی ایچ ایم سی کی بھی اجازت نہیں

حیدرآباد۔27جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جاری نمائش سیر و تفریح کے لئے پہنچنے والوں کے لئے محفوظ ہے!شہر میں آگ لگنے کے واقعات میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ہی شہریوں کے درمیان یہ بحث چھڑچکی ہے کہ نامپلی کے علاقہ میں چلائی جانے والی نمائش کیا مشاہدہ کرنے والوں کے لئے محفوظ ہے اگر نہیں تو حکومت کی جانب سے اس نمائش کے انعقاد کے لئے کس طرح سے اجازت دی جانے لگی ہے!نمائش میں جہاں یومیہ ایک لاکھ سے زائد افراد مشاہدہ اور خریداری کی غرض سے پہنچتے ہیں ان کی زندگی کو محفوظ بنانے کے لئے نمائش سوسائیٹی اور انتظامیہ نے کیا اقدامات کئے ہیں!گذشتہ دنوں نامپلی کے علاقہ میں لگنے والی آگ کے نتیجہ میں 5افراد مکمل طور پر جھلس کر فوت ہوگئے جن میں 2 معصوم بچے بھی شامل تھے اسی طرح گذشتہ شب وجئے نگر کالونی کے قریب بازار گھاٹ میں برقی ٹرانسفارمر میں آگ لگنے کے بعد ٹرانسفارمر مکمل طور پر شعلہ پوش ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔نامپلی اسٹیشن روڈ پر فرنیچر کی دکان میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں ہونے والی تاخیر کے دوران خود کوتوال شہر مسٹر وی سجنار نے عوام سے نمائش کے پروگرام کو ملتوی کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ نمائش کو ایک دن کے لئے بند کروادیا تھا۔اندرون چند یوم نامپلی کے علاقہ میں پیش آنے والے آگ لگنے کے دو واقعات کے بعد نمائش کے محفوظ ہونے کے متعلق سوال اٹھائے جانے لگے ہیں کیونکہ سال 2019 میں نمائش میں بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے اس کے بعد عدالت نے نمائش کے انعقاد کے لئے درکار اجازت ناموں کے حصول کو لازمی قرار دیا تھا لیکن نمائش سوسائیٹی جس میں شہر کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ حکومت کے نمائندے بھی موجود ہوتے ہیں انہیں نمائش کا مشاہدہ اور خریداری کے لئے پہنچنے والوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نمائش 2026 جو کہ سالانہ نمائش کے اعتبار سے 85 ویں نمائش ہے کے لئے سوسائیٹی نے محکمہ فائر سیفٹی سے کوئی این او سی حاصل نہیں کیا ہے اور نہ ہی مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد نے نمائش میں اسٹالس نصب کرنے کے سلسلہ میں کوئی اجازت دی ہے لیکن اس کے باوجود 2500 سے زائد اسٹالس کے ساتھ نمائش جاری ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عدم عمل آوری کے سلسلہ میں مختلف متعلقہ محکمہ جات سے کی جانے والی شکایات کے باوجود محکمہ جات کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ نمائش میں اسٹالس لگانے والوں کے لئے ہی نہیں بلکہ مشاہدہ کے لئے پہنچنے والوں کے بھی جو خطرات ہیں انہیں مدنظر رکھتے ہوئے نمائش سوسائیٹی اور اس میں شامل ریاستی حکومت کے نمائندوں بالخصوص صدر نمائش سوسائیٹی کو چاہئے کہ وہ نمائش کو مشاہدہ کے لئے پہنچنے والوں کے لئے محفوظ بنانے کے اقدامات کرتے ہوئے عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے اقدامات کریں کیونکہ نمائش کے مشاہدہ کے لئے پہنچنے والے افراد کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا رہاہے اور اب یومیہ ایک لاکھ افراد نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں جن میں خواتین وبچوں کی کثرت ہوتی ہے ۔3