کیا ہم ہر مسجد کے نیچے مندر تلاش کرتے رہیں گے؟

,

   

مندر۔ مسجد کی سیاست سے ملک بڑھتے انتشار کا شکار، سنبھل میں حکومت ناکام : پرینکا چترویدی

نئی دہلی۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کی رہنما اور راجیہ سبھا ایم پی پرینکا چترویدی نے پیرکے روز ملک میں مندروں اور مساجد کے مسائل کو سیاست کا ذریعہ بنا کر بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ تقسیم کی سخت مذمت کی اور سوال کیا کہ کیا ہم ہر مسجد کے نیچے مندر تلاش کرتے رہیں گے اور ملک میں انتشار پیدا کریں گے؟۔ عبادت گاہوں کے حالیہ تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے، شیوسینا (یو بی ٹی) کی رہنما نے ان اقدامات کے خطرات کو اجاگرکیا اور مزید انتشار کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکیا ہم ہر مسجد کے نیچے مندر تلاش کرتے رہیں گے اور ملک میں انتشار پیدا کریں گے؟ یہ قوم کو مزید تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔ ایسے اقدامات کو فوراً ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے پہلے کے بیان کا حوالہ دیا، جس میں لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ مساجد کے نیچے مندر تلاش کرنا بند کریں، اور رام مندر کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت یاد دلائی۔ چترویدی نے مختلف ضلعی عدالتوں میں عبادت گاہوں کے ایکٹ کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر تشویش کا اظہارکیا، جس کے نتیجے میں تشدد اور جانی نقصان ہوا۔ انہوں نے حالیہ سنبھل کے تشدد کا حوالہ دیا، جس میں چار سے زیادہ افراد شہید ہوئے ، اور خبردار کیا کہ ایسے تنازعات اجمیر، نظام الدین اور حاجی علی جیسے مقامات تک پھیل سکتے ہیں، جہاں اجمیر شریف درگاہ (راجستھان) جیسے معاملات پر تناؤ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے حالیہ بدامنی کے دوران سنبھل میں قانون و انتظام کو برقرار رکھنے میں ناکامی پر اتر پردیش حکومت پر تنقید کی۔ حکمران جماعت کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا سنبھل میں جان و مال کے نقصان سے واضح ہوتا ہے کہ یوپی حکومت ناکام رہی۔ یا تو وہ حالات کو قابو کرنے میں ناکام رہے یا انہوں نے سیاسی فوائد کے لیے اسے بڑھنے دیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ اپوزیشن رہنماؤں جیسے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اورکانگریس کے اراکین کو سنبھل کا دورہ کرنے، متاثرہ افراد سے ملاقات کرنے اور امن کو فروغ دینے سے روکا گیا۔ مہاراشٹر کی سیاست پر بات کرتے ہوئے چترویدی نے بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد کو غیر مستحکم قراردیا۔ انہوں نے عبوری وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی حالیہ غیر حاضری اور نئی حکومت کے اعلان میں تاخیر پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا اگر سب کچھ ٹھیک ہے، تو شندے دہلی میں بی جے پی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد اپنے گاؤں کیوں واپس گئے؟