وزیر مال سرینواس ریڈی کی کانگریس کے حق میں انتخابی مہم، راہول گاندھی سے ملاقات
حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے آج کیرالا اسمبلی انتخابات کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ سرینواس ریڈی نے آج آڈور اور ارن مولا اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم چلائی۔ اِسی علاقہ میں راہول گاندھی نے بھی انتخابی مہم میں شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کیرالا اسمبلی انتخابات میں کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ یو ڈی ایف اتحاد کو 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا کے عوام بائیں بازو زیرقیادت اتحاد کی حکومت سے نالاں ہیں۔ کیرالا کے ہر اسمبلی حلقہ میں کانگریس اتحاد کے حق میں لہر دیکھی جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے کیرالا سے اپنی وابستگی کے اظہار کے لئے وائیناڈ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیا اور اِسی حلقہ کو برقرار رکھا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ کیرالا کی باشعور خاتون رائے دہندے پرینکا گاندھی کی انتخابی مہم سے متاثر ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا کی انتخابی مہم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر وزراء حصہ لیں گے۔ کیرالا میں لوک سبھا اور مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کیا۔ عوام کانگریس اتحاد کو اقتدار حوالہ کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ گزشتہ 10 برسوں میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ نے جو فیصلے کئے وہ عوام کے حق میں نہیں رہے جس کے نتیجہ میں عوام کا رجحان کانگریس زیرقیادت اتحاد کی طرف ہے۔1