کیشورائو اور ڈی سرینواس کانگریس میں شیر اور اب ٹی آر ایس میں بھیگی بِلّی

   

رکن اسمبلی جگا ریڈی کا ریمارک، آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی پر زور
حیدرآباد۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ آر ٹی سی ملازمین کے جائز مطالبات کی یکسوئی کے لیے اقدامات کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو حاصل آزادی برسر اقتدار پارٹی میں نہیں رہتی۔ اپوزیشن ارکان حکومت کی جانب سے بھلائی کیئے جانے پر ستائش کرسکتے ہیں جبکہ کوئی غلط قدم اٹھانے پر سوال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات جائز ہیں لہٰذا انہوں نے گزشتہ تین دن تک سنگاریڈی میں بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ جگاریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں انہوں نے پرگتی بھون گھیرائو پروگرام میں بھی حصہ لیا تھا۔ انہوں نے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے مرکز کو تجاویز روانہ کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور وزیر صحت ای راجندر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو آزادی نہیں ہوتی جس طرح کہ قومی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو ہوتی ہے۔ لہٰذا کانگریس پارٹی میں کچھ زیادہ ہی آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپوزیشن میں رہ کر عوامی مسائل کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ پارٹی جس وقت اقتدار میں تھی اس وقت بھی میں نے وزراء اور چیف منسٹر سے وسائل کے حل کے لیے مطالبہ کیا تھا۔ جگاریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں سینئر قائد ڈاکٹر کے کیشور رائو کی بے بسی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کیشو رائو کانگریس پارٹی میں ایک شیر کی طرح زندگی بسر کرتے رہے لیکن اب ٹی آر ایس میں ان کی حالت بھیگی بِلّی کی طرح ہوچکی ہے۔ اسی طرح ڈی سرینواس بھی کانگریس میں شیر کی طرح تھے لیکن ٹی آر میں شمولیت کے بعد وہ خاموش ہوچکے ہیں۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس میں کوئی بھی شیر کی طرح زندگی بسر کرسکتا ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لینے کے لیے عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دینے پر جگاریڈی نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کی صورت میں وہ سنگاریڈی میں چیف منسٹر کی تصویر کو دودھ سے دھوئیں گے۔