کیف پر روسی حملوں کا سلسلہ جاری

   

کیف : یوکرین کا کہنا ہے کہ کیف کے مضافاتی علاقے ارپن سے باہر دھکیل دینے کے باوجود روسی افواج کے دارالحکومت پر حملے جاری ہیں۔ ادھر ترکی کے شہر استنبول میں فریقین کے درمیان آج مذاکرات کے ایک اور دور کی توقع ہے۔یوکرین کے مختلف شہروں پر روسی حملوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور 29 مارچ منگل کو بھی طلوع فجر سے پہلے ہی فضائی حملوں کے لیے سائرن بجتے سنے گئے ہیں۔ یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کی وجہ سے کچھ شہروں سے نکلنے والے راستے بند ہو کر رہ گئے ہیں۔یوکرین کا دعوی ہے کہ دارالحکومت کیف کے مضافات میں واقع شہر ارپن سے روسی فوجیوں کو باہر دھکیل دیا گیا ہے۔ روس نے اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا، تاہم اس کا کہنا ہے کہ ’’ لڑائی ابھی بھی جاری ہے اور خطے کے اس حصے میں تحفظ سے متعلق بات کرنا ابھی جلد بازی ہو گی‘‘۔ یوکرین کی مسلح افواج کے سربراہ نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی افواج نے ملک بھر میں رہائشی علاقوں پر میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کے بعض ذخائر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے تاکہ ’’لوجیسٹکس کو پیچیدہ بنانے’’ کے ساتھ ہی‘‘انسانی بحران کے حالات پیدا کیے جا سکیں‘‘۔