سکرامنٹو (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک روز کے وقفے کے بعد 7.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں کئی املاک تباہ اور شہری زخمی ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کے روز انے والے زلزلے کی شدت 6.4 تھی جو 20 برس کے دوران شدید ترین زلزلہ تھا، تاہم قدرتی آفت کا تسلسل ہفتے کے روز بھی برقرار رہا اور 7.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کی گہرائی زیر زمین 9 کلومیٹر تھی جب کہ اس کا مرکز رج کریسٹ شہر کے قریب اور لاس اینجلس کے شمال مشرق سے 240 کلو میٹر پر تھا۔ حکام نے مزید زلزے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شدید جھٹکوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ ہر زلزلہ دیگر زلزلوں کو پیدا کرتا ہے اس لیے ا?یندہ ہفتوں میں اسی طرح کے یا اس بڑے زلزلے کا 10 فیصد تک خدشہ ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق زلزلے سے کیلیفورنیا کی عمارتیں بری طرح لرز گئیں جبکہ ہزاروں افراد خوف زدہ ہوکر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتوں میں آگ لگنے اور لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔ ابتدائی خبروں کے مطابق شمال مغربی علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر اور وڈیوز میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارتوں اور سڑکوں پر گہری دراڑیں پڑ چکی ہیں۔
