کیندریہ ودیالیہ کا سدی پیٹ میں قیام، 8 سالہ مساعی کا نتیجہ : ہریش را ؤ

   

معیاری تعلیم کی فراہمی اور داخلوں میں شفافیت کا تیقن
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سدی پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر پر کیندریہ ودیالیہ کا ضلع کلکٹر کرشنا بھاسکر نے افتتاح کیا۔ سابق وزیر اور رکن اسمبلی ہریش راؤ اور دیگر قائدین نے تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ میں کیندریہ ودیالیہ کا قیام مسرت کا باعث ہے اور وہ گزشتہ 8 برسوں سے اس سلسلہ میں مساعی کر رہے تھے۔ متحدہ آندھراپردیش میں اس کی منظوری حاصل کی گئی تھی لیکن اس وقت کے حکمرانوں نے کیندریہ ودیالیہ تنالی منتقل کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں کیندریہ ودیالیہ کے قیام میں رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے کافی مساعی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی طلبہ جو خانگی اسکولوں میں زیر تعلیم تھے ، وہ کیندریہ ودیالیہ میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ داخلوں کے سلسلہ میں مکمل شفافیت سے کام لیا جائے گا ۔ معیاری تعلیم کے ذریعہ بہتر نتائج کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کیندریہ ودیالیہ کی مستقل عمارت کیلئے بہت جلد عمارت تعمیر کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹر ونئے بھاسکر نے کہا کہ سدی پیٹ میں کیندریہ ودیالیہ کا قیام اہمیت کا حامل ہے۔ اس ادارہ کے ذریعہ ضلع کے طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیم کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ گزشتہ سال اگست میں مرکز کی جانب سے کیندریہ ودیالیہ کی منظوری حاصل ہوئی تھی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ضلع میں تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں حکومت نے سدی پیٹ کی ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر مسائل کی یکسوئی کی کوشش کریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ کے عوام نے جس محبت و عقیدت کا اظہار کیا ہے ، وہ تاحیات فراموش نہیں کرسکتے۔