ممبئی: بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان اپنی دریا دلی کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں وہ بغیر کسی دکھاوے کے خاموشی کے ساتھ سماجی کام کرتے ہیں۔حال ہی میں ان کے جنم دن کے موقع پر مصنف اور اداکارہ وجی وینکٹیش نے کچھ قصے شیئر کیے۔ وجی گزشتہ 35 سالوں سے کینسر مریضوں کی دیکھ بھال سے وابستہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سلمان بچوں سے ملنے اسپتال جاتے ہیں علاج کا خرچ اٹھانے میں مدد کرتے ہیں اور ایک بار تو انہوں نے مرتے ہوئے مریض کو اپنی سونے کی بالیاں تک دے دی تھیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر سلمان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے وجی وینکٹیش نے لکھا کہ آج میں آپ سب کے سامنے ایسے شخص کو پیش کر رہی ہوں جنہیں کسی پہچان کی ضرورت نہیں ہے۔میں انہیں گزشتہ 20 سالوں سے جانتی ہوں۔ جب میں ان سے پہلی بار ٹاٹا اسپتال میں ملی تھی تو انہوں نے مجھے اپنا فون نمبر دیا تھا اور کہا تھا کہ جب بھی کسی کو مدد کی ضرورت ہو تو میں انہیں کبھی بھی فون کر سکتی ہوں۔ وجی نے بتایا کہ سلمان ہمیشہ اپنا نمبر ان کے پاس اپڈیٹ رکھتے تھے تاکہ کسی مریض کو مدد چاہیے ہو تو فوری طور پر رابطہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ایک قصہ یاد کیا کہ جب سلمان 12 سال کی ایک کینسر متاثرہ بچی کو کیموتھراپی جاری رکھنے کے لیے سمجھایا اور حوصلہ دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اس بچی نے درد اور تکلیف کی وجہ سے علاج چھوڑنے کا ارادہ کر لیا تھا لیکن سلمان نے فون پر اس سے بات کی، پیار سے سمجھایا اور اسے علاج مکمل کرنے کے لیے راضی کر لیا۔ آج وہی بچی 27 سال کی خوش مزاج لڑکی ہے اور پبلک ایڈمنسٹریشن کے امتحان کی تیاری کر رہی ہے۔
