کینیڈا :مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ ، 18 ہلاک

,

   

اوٹاوا؍ٹورنٹو۔20 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے صوبہ نووا سکوٹیامیں ایک مسلح شخص نے مسلسل 12 گھنٹے گولیاں برساتے ہوئے ایک خاتون پولیس افسر سمیت مجموعی طورپر18 افراد کو ہلاک کر دیا اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ۔ حملہ آور کی بھی بعد میں مشکوک حالات میں موت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق اتوارکی رات دیرگئے پیش آئے اس واقعہ کے حملہ آور کی شناخت 51 سالہ گیبریل وورٹ مین کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ صوبے کے کئی علاقوں میں لوگوں پر حملہ کرنے کے بعد اس کو بھی پولیس نے ہلاک کردیا ۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس واقعہ کے سلسلے میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ میں متاثر ہونے والے ہر ایک شخص کے تئیں اُنھیںہمدردی ہے۔ ’’میں پولیس کو ان کی کارروائی اور لوگوں کو ان کی حمایت کرنے پرشکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ نووا سکوٹیا صوبے کے پریمیئر اسٹیفن میکلین نے اس واقعہ کو صوبے کی 30 سال کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ سفا کانہ واقعہ قرار دیا ہے ۔ حکام کے مطابق حملہ آور نے پولیس اہلکار جیسی وردی پہن رکھی تھی اور اس نے جس گاڑی کا استعمال کیا وہ بھی پولیس والوں جیسی ہی تھی ۔ اس نووا سکوٹیا صوبے کے اینفیلڈ کے علاقے میں گیس اسٹیشن کے نزدیک اُسے رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی ) نے گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے بعد میں بتایا کہ مسلح شخص کی موت ہوگئی ۔نووا سکوٹیا صوبے کی آر سی ایم پی اسسٹنٹ کمشنر لی برجرمین نے ایک بیان میں کہا کہ نووا سکوٹیا کے لئے آج کا دن کافی خوفناک ہے اور یہ ہمارے دماغ میں کئی سال تک انمٹ نقوش چھوڑ گیا ہے ۔ گزشتہ شب یا آج صبح جو ہوا وہ سمجھ سے باہر ہے اور کئی خاندانوں نے اپنے افراد خاندان کو کھودیا ہے۔ اس میں ہمارا آر سی ایم پی کا کنبہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں انتہائی دکھ کے ساتھ یہ شیئر کرتی ہوں کہ ہم نے 23 سالہ سی ایس ٹی ہیڈی اسٹیونسن کو کھو دیا ۔ وہ پولیس فورس کی ایک تجربہ کار افسر تھی جن کی موت حملے کے دوران ہوئی۔