کینیڈا میں سکھ باپ بیٹے کا گولی مار کر قتل واردات گینگ وار کا نتیجہ‘ پولیس کا بیان

   

ٹورنٹو : کینیڈا کے شہر ایڈمانٹن میں ایک سکھ شخص اور اس کے 11 سالہ بیٹے کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ 41 سالہ ہرپریت سنگھ اوپل اور اس کے بیٹے کو جمعرات کو ایک شاپنگ پلازہ میں ایک گیس اسٹیشن کے باہر ان کی گاڑی میں دن دہاڑے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ایڈمانٹن پولیس نے بتایا کہ دونوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ کار میں سوار ایک اور لڑکا بچ گیا۔ پولیس نے کہا کہ اوپل برادران کیپرز نام کے گینگ کے رکن تھے اور اس قتل کا تعلق حریف یو این گینگ سے ہے۔ وہ اکتوبر 2021 میں اس وقت ایک حملے سے بال بال بچ گئے تھے، جب ایک بندوق بردار نے ان پر کئی گولیاں چلائی تھیں۔ اس وقت وہ اپنے خاندان کے ساتھ پیزا کی دکان پر رات کا کھانا کھا رہے تھے۔ مقتول کو 2013 میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 15 ماہ کی جیل ہوئی تھی۔ اسے کوکین رکھنے اور اسمگلنگ کے الزام میں مقدمے کا سامنا نا پڑ رہا تھا۔ ماضی میں اس پر ہتھیار سے حملہ اور غیر قانونی بندوق رکھنے کا بھی الزام تھا۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اوپل ایڈمانٹن کے منظم جرائم کے معاملہ میں ایک ‘بڑا نام’ تھا۔پولیس کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ جب حملہ آوروں نے اوپل کا پیچھا کرنا شروع کیا تو انہیں یہ معلوم تھا کہ کار میں بچے ہیں۔ مگر حملہ آور نے جان بوجھ کر گولی مار کر بچے کا قتل کر دیا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم تک لڑکے کا نام اجاگر نہیں کیا ہے۔ فی الحال پولیس نے اس معاملے میں کوئی گرفتاری نہیں کی ہے اور نہ ہی کسی مشتبہ شخص کی شناخت کی ہے۔