اوٹاوا۔10جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے ونی پیگ میں کاربن مونوآکسائڈ اخراج کے بعد 46 افراد کو دواخانہ میں داخل کرایا گیا ہے ، جس میں سے 15 کی حالت نازک ہے ۔ مقامی حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی ۔ ونی پیگ فائر پیرا میڈیک سروس کے عملے نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے الارم بجنے کے بعد عمارت کے مختلف حصوں سے کاربن مونوآکسائڈ اخراج کا پتہ چلا ۔ حکام کے حوالے سے ایک نیوز رپورٹ میں بتایا گیا کہ 46 افراد کو دواخانہ میں داخل کرایا گیا ہے جس میں سے 15 کی حالت نازک ہے ۔
ارجنٹائن کے سابق صدر کا انتقال
بیونس آئرس۔ 10جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹائن کے سابق صدر فرنانڈو ڈی لا روا کا منگل کو دل اور گردوں کے کام نہ کرنے کے سبب انتقال ہو گیا ۔ مقامی پریس نے یہ اطلاع دی ۔ وہ 81 سال کے تھے ۔ مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرنانڈو کو انتہائی نازک حالات میں بیونس آئرس فلیمنگ سینی ٹوریم (ہاسپٹل) میں پہنچایا گیا تھا۔ فرنانڈو نے 1999 ء سے 2001ء تک ارجنٹائنا کی قیادت کی ۔ انہوں نے سماجی بغاوت کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ ارجنٹائن کے صدر موریکو ما کری نے ٹوئٹر پر لکھا’’مجھے سابق صدر فرنانڈو کے انتقال کا دکھ ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے اہل خانہ کیساتھ ہیں‘‘۔