کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی کا ہندوستان پر انتخابات میں مداخلت کا الزام

   

اوٹاوا : کینیڈا کی کنزرویٹو پارٹی نے ہندوستان پر انتخابات میں مداخلت کا الزام عاید کیا ہے،پارٹی کے قائد پیئر پوئیلیور نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی ایجنٹوں نے کینیڈا کے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔ کینیڈین سیکوریٹی انٹیلی جنس سروس کے مطابق، ہندوستان کی مداخلت کے واضح ثبوت ملے ہیں اور وہ کینیڈین کمیونٹیز اور جمہوری عمل کو نشانہ بنا سکتا ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2022 کے انتخابات میں بھی ہندوستانی ایجنٹ فنڈ ریزنگ اور منظم سازش میں ملوث رہے۔ کینیڈین حکومت نے ان اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔ اخبار گلوب اینڈ میل نے بھی اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ انتخابی مداخلت کینیڈا کی تمام سیاسی جماعتوں پر اثر انداز ہونے کی ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔ کینیڈا کی الیکشن انٹیگریٹی ٹاسک فورس نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستانی ایجنٹ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، پراکسی نیٹ ورکس اور آن لائن ڈس انفارمیشن جیسے ٹولز استعمال کر رہے ہیں تاکہ انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہو سکیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو ان سرگرمیوں کا نوٹس لینا ہوگا تاکہ جمہوری عمل کو محفوظ بنایا جا سکے۔