حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : ریاست کے ٹاپ انجینئرنگ اور اگریکلچرل کالجوں میں داخلہ کے لیے ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے EAMCET امتحان میں امسال بھی ایم ایس جونیر کالج کے طلباء نے نمایاں رینک حاصل کیا ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائرکٹر افضل الرحمن نے آج پریس کو اس کی جانکاری دی ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ شام EAMCET-2021 کا نتیجہ شائع ہوا جس میں ایم ایس جونیر کالج کے درجنوں طلباء نے بی پی سی ، ایم پی سی کے زمرے میں نمایاں نشانات حاصل کیے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب ہونے والے ان طلباء میں سے بیشتر طلباء کو انجینئرنگ ، اگریکلچرل اور الائیڈ سائنسز کے کورسیس میں آسانی سے ٹاپ کالجوں میں داخلہ مل جائے گا ۔ انہوں نے ٹاپر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عزمہ فاطمہ ( 412 رینک ) لاکر ٹاپ رینک لانے والوں میں سرفہرست ہے ۔ جب کہ دیگر ٹاپ رینکر میں رافع احمد عظیم نے ( 504 رینک ) اور عرشین زبیری نے ( 525 رینک ) حاصل کیا ۔ وہیں محمد سمیر الرحمن نے ( 1449 رینک ) ، ایرج فاطمہ نے ( 2327 رینک ) اور سرفراز احمد نے ( 3046 رینک ) حاصل کر کے ٹاپر کی فہرست میں اپنا مقام بنایا ۔ جب کہ 5000 کے اندر رینک لانے والے طلباء کی تعداد 42 ہے ۔ واضح رہے کہ ایم ایس کی کاوشوں سے مقابلہ جاتی امتحانوں میں کامیابی حاصل کر کے اب تک ملت کے ہزاروں طلباء نے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کیا ۔ ایم ایس ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جہاں طلباء کو اعلیٰ تعلیم میں رہنمائی کے ساتھ ساتھ اس کے اخلاق اور تربیت پر بھی توجہ دی جاتی ہے ۔۔