کے سی آر آئندہ 20 برسوں تک چیف منسٹر برقرار رہیں گے

   

فلاحی اسکیمات سے بی جے پی خوفزدہ، وزیر برقی جگدیش ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 20 برسوں تک کے سی آر چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رہیں گے اور بی جے پی و کانگریس کو عوام قبول نہیں کریں گے۔ جگدیش ریڈی نے تلنگانہ سے متعلق وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے تلنگانہ کی ترقی کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی شکل میں تلنگانہ کا تعاقب کرنے والی شخصیت کا نام نریندر مودی ہے جو ریاست کی ترقی کے بجائے اُسے نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ 60 برسوں تک جدوجہد اور سینکڑوں قربانیوں کے بعد تلنگانہ کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا لیکن بی جے پی کو نئی ریاست پسند نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 36 پارٹیوں نے تلنگانہ ریاست کی تائید کی تھی۔ کے سی آر کی مساعی کے نتیجہ میں قومی اور علاقائی جماعتوں کی تائید حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بل کی پارلیمنٹ میں پیشکشی کے وقت ایل کے اڈوانی، ارون جیٹلی اور سشما سوراج ایوان میں موجود تھے اور ان کی موجودگی میں بل منظور کیا گیا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ کی ترقی بی جے پی کو برداشت نہیں ہورہی ہے۔ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سے بی جے پی قائدین خوفزدہ ہیں۔ تلنگانہ کی تاریخ سے بی جے پی قائدین ناواقف ہیں اور عوام نے آئندہ 20 برسوں تک کے سی آر کو چیف منسٹر کے طور پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ر