کے سی آر آج حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کریں گے

   

۔ 2000 خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی اجرائی، شالا پلی میں دلتوں کے جلسہ سے خطاب
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 16 اگسٹ کو حضور آباد کے شالا پلی گاؤں میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ اور جلسہ عام کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دلت طبقات کی بھلائی کیلئے شروع کردہ اسکیم کو پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر حضورآباد سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چیف منسٹر دلتوں کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی نے جلسہ میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت کے انتظامات کئے ہیں۔ دلت بندھو اسکیم کے تحت حضور آباد کے 20 ہزار دلت خاندانوں میں 2000 مستحق خاندانوں کو فی الفور 10 لاکھ روپئے کی امداد بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ چیف منسٹر شخصی طور پر بعض استفادہ کنندگان میں چیکس حوالے کریں گے۔ حضورآباد میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دلت خاندانوں کی تعداد 20929 ہے اور آبادی تقریباً 70 ہزار ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 5 ہزار خاندانوں کی مدد کیلئے 500 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ عہدیداروں نے حضورآباد میں 2000 مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی ہے۔محکمہ ایس سی ڈیولپمنٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ مختلف زاویوں سے استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی گئی۔ کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں مستحقین میں غریب ترین خاندانوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی تھی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ باقی خاندانوں میں امدادی رقم بعد میں جاری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ترقی کیلئے اختیار کردہ گاؤں واسالا مری ضلع بھونگیر کے 76 دلت خاندانوں میں دلت بندھو اسکیم کے تحت 7.6 کروڑ روپئے اپنے دورہ کے موقع پر جاری کئے تھے۔ حکومت امدادی رقم کے بہتر استعمال کے سلسلہ میں استفادہ کنندگان کی رہنمائی کرے گی۔ چیف منسٹر کے دورہ سے ایک طرف انتخابی مہم کا عملاً آغاز ہوجائے گا تو دوسری طرف دلت خاندانوں کو پارٹی سے قریب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ایشور اور جی کملاکر چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔