کے سی آر ‘ آٹھویں نظام ‘ کالیشورم پراجیکٹ اے ٹی ایم مشین میں تبدیل

   

بی جے پی کی تلنگانہ میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ٹی آر ایس خوفزدہ ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا
حیدرآباد 27 اگست ( سیاست نیوز ) بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ تلنگانہ کے آٹھویں نظام کے چندر شیکھر راؤ کو بہت جلد گھر روانہ کردیا جائے گا ۔ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر کیلئے اے ٹی ایم میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی تیسرے مرحلے کی پدیاترا کے اختتام پر ہنمکنڈہ آرٹس اینڈ سائنس کالج پر جلسہ عام سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ، بی جے پی رکن راجیہ سبھا ڈی لکشمن تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ جے پی نڈا نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور اقتدار میں تلنگانہ تاریکی میں ڈوب چکا ہے ۔ کرپشن عام ہوگیا ۔ عوام سے کئے کوئی بھی وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں جس سے عوام بدظن ہوگئے ہیں ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے بی جے پی اقتدار میں آئیگی اور تمام بدعنوانیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کی تلنگانہ میں پدیاترا کامیاب ہے ۔ پدیاترا کو عوامی تائید کو دیکھ کر چیف منسٹر کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور بنڈی سنجے کو گرفتار کرکے ان کی پدیاترا کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ لیکن عدلیہ نے پدیاترا جاری رکھنے کی اجازت دی ہے ۔ وہ جب بنڈی سنجے کی دوسرے مرحلے کی پدیاترا میں آئے تھے تب بھی بنڈی سنجے کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ بی جے پی کے جلسہ عام کو روکنے کی بھی ہر ممکن کوشش کی گئی مگر عدلیہ نے حکومت کے تمام منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے ۔ جلسہ عام میں عوام کو شرکت کو روکنے کے لیے 144 سیکشن نافذ کیا گیا ہے ۔ اس میں بھی تلنگانہ حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر ناکام ہوئے ۔ رضاکارانہ طور پر عوام جلسہ عام میں شریک ہوئے ہیں ۔ جلسہ عام میں شریک عوام کے جوش و خروش کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے آئندہ ریاست میں ضرور بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی ۔ جے پی نڈا نے کہا کہ ورنگل کی جیل کا انہدام کرتے ہوئے ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اتنے دن گذر جانے کے بعد ہاسپٹل کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ۔ مرکزی حکومت کے فنڈز کا بیجا استعمال کرنے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا ۔ جل جیون مشین اسکیم کے تحت تلنگانہ کو مرکزی حکومت کی جانب سے 3500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں تاہم تلنگانہ حکومت نے صرف 200 کرور روپئے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ مجلس سے ڈر کر سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منعقد نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بدعنوان چیف منسٹر کے سی آر کو اب ڈر و خوف شروع ہوچکا ہے ۔ ن

اداکار نتن و خاتون کرکٹر متھالی راج کی نڈا سے ملاقات
حیدرآباد 27 اگسٹ ( سیاست نیو ز ) بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے فلم اسٹار نتن اور خاتون کرکٹر متھالی راج نے ملاقات کی ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر فلم اسٹار جونئیر این ٹی آر نے ان سے ملاقات کی تھی ۔ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے بی جے پی نے دوسری جماعتوں کے قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کے علاوہ فلم انڈسٹری اور کھیلوں
کی دنیا میں اثر و رسوخ والی شخصیتوں کو پارٹی میںشامل کرنے یا انہیں انتخابی مہم میں حصہ لینے راضی کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اسکے علاوہ با اثر شخصیتوں کو پارٹی سے قریب کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن نے کہا کہ نتن اور متھالی راج کی جے پی نڈا سے ملاقات خیر سگالی تھی تاہم اس موقع پر مختلف امور کے علاوہ سیاسی امور پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ دونوں ہی وزیر اعظم مودی کی قیادت اور کارکردگی سے متاثر ہیں۔ ن