کے سی آر حقیقی سیکولر قائد ، اپوزیشن کی تنقیدیں مسترد

   

محبوب نگر میں چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر مختلف فلاحی کام ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر آج مستقر محبوب نگر کے کے سی آر ایکو اربن پارک میں بڑے پیمانے پر شجرکاری پروگرام کا ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا ۔ ریاستی وزیر نے 200 آشا ورکرس میں اسمارٹ فونس تقسیم کئے اور سیلف مہیلا گروپس میں 15 کروڑ مالیتی چیکس ، بین مذہبی شادیاں کرنے والے مستحقین میں 7.5 لاکھ روپئے کے علاوہ سلوائی مشین ، ٹریکٹرز ، آٹو ٹرالیز ، اسکوٹیز ، ٹرائی سائیکلس ، وہیل چیرز مستحقین کے حوالے کئے ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر دلعزیز قائد و چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر بلالحاظ مذہب عوام اور ملازمین جوش و خروش کے ساتھ تقاریب منعقد کر رہے ہیں ۔ یہ قومی سطح کی جماعتوں کے قائدین کو ایک آنکھ نہیںبھا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پر چیف منسٹر آسام کے ناشائستہ ریمارکس پر کے سی آر نے زبردست تنقید کی جب تک کانگریس قائدین خاموش ہی تھے ۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ وہ قائدین آج کے سی آر کے یوم پیدائش کے موقع پر احتجاجی پروگرام منعقد کرکے اپنی اصلیت ظاہر کر رہے ہیں۔ عوام سب دیکھ رہے ہیں اور وہی سبق بھی سکھائیں گے ۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ ٹی آر ایس ایک حقیقی سیکولر جماعت ہے ۔ ہم مندر بناکر عوام سے ووٹ نہیں مانگتے ۔ یہ لوگ جو گھٹیا سیاست کر رہے ہیں اس کا جواب عوام ہی بہتر انداز میں دیں گے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وینکٹ راو ایڈیشنل کلکٹر یتجس نندلال پوار ، میونسپل چیرمین نرسمہلو و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔