کے سی آر حکومت سے کانگریس کا روزانہ ایک سوال‘ میڈیا اور وار روم کے عہدیدار تلنگانہ میں متحرک

   

حیدرآباد 27۔اکتوبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی میڈیا انچارج اجئے کمار ، کانگریس وار روم کے انچارج روہن گپتا اور اے آئی سی سی میڈیا کوآرڈینیٹر رمنی نے تلنگانہ کانگریس کی میڈیا مہم کی ذمہ داری سنبھال لی اور حکومت کی ناکامیوں پر روزانہ ایک سوال جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اجئے کمار نے کہا کہ حکومت کے وعدوں پر روزانہ ایک سوال ہوگا جس کے تحت مختلف شعبہ جات میں حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے روبرو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’تلنگانہ پوچھ رہا ہے‘ ٹائٹل کے تحت حکومت اور برسر اقتدار پارٹی سے روزانہ ایک مسئلہ پر سوال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 30 دنوں میں 30 سوال پوچھے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کے بارے میں عوامی سطح پر مہم چلائی جائے گی ۔