شراب کی مہر بند کمپنی کھولنے کویتا نے رقم لی، بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما کا الزام، سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل، ٹی آر ایس حلقوں میں سنسنی
… رشید الدین …
حیدرآباد۔/21 اگسٹ۔ سی بی آئی کی جانب سے دہلی حکومت کی اکسائیز پالیسی میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے تلنگانہ تک پہنچنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔ بی جے پی نے شراب کے اسکام میں چیف منسٹر کے افراد خاندان اور خاص طور پر رکن کونسل کویتا کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ سی بی آئی کی جانب سے دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کی قیامگاہ کے علاوہ ملک کی 7 ریاستوں میں بیک وقت دھاوے کئے گئے۔ سی بی آئی کارروائی کے آغاز کے بعد دہلی کے سیاسی حلقوں میں یہ بات گشت کرنے لگی کہ شراب پالیسی تحقیقات میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے افراد خاندان کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ نئی دہلی میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان نے دہلی حکومت کی اکسائیز پالیسی کے بارے میں فائیو اسٹار ہوٹل میں ملاقاتیں کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اکسائیز پالیسی مغربی بنگال کی پالیسی کی طرح ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے افراد خاندان نے ایک بائیو اسٹار ہوٹل میں میٹنگس میں شرکت کی جو دہلی کی اکسائیز پالیسی طئے کرنے کیلئے منعقد ہوئی تھی۔ کے سی آر کے افراد خاندان نے اسی پالیسی کو اختیار کیا جس پر پنجاب میں عمل کیا جارہا ہے۔ منیش سیسوڈیا اور اروند کجریوال کے ساتھ ملکر یہ پالیسی تیار کی گئی ہے۔ منیش سیسوڈیا کے خلاف لُک آؤٹ سرکولر کے بارے میں پرویش ورما نے کہا کہ اکسائیز پالیسی اسکام کے 2 ملزمین سی بی آئی کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی ملک سے فرار ہوچکے ہیں۔ دوسروں کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کیلئے لُک آؤٹ سرکولر جاری کیا گیا۔ رکن پارلیمنٹ نے الزام عائد کیا کہ سیسوڈیا اور ان کی اہلیہ نے 2014 اور 2021 کے درمیان خانگی ہاسپٹلس میں علاج پر 22 لاکھ روپئے خرچ کئے۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں کی خدمات سے استفادہ نہیں کیا۔ اسی دوران تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا سل نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اَپ لوڈ کیا جس میں بی جے پی کے ایک قائد چیف منسٹر کی دختر کویتا پر لکر اسکام میں ملوث ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ کانگریس نے دہلی لکر اسکام میں کے سی آر کی دختر کویتا کا رول بے نقاب کے عنوان سے یہ ویڈیو اَپ لوڈ کیا۔ پردیش کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بیٹی کو بچانے کے سی آر نے بی جے پی سے خفیہ معاہدہ کرلیا ہے۔ ویڈیو میں بی جے پی قائد نے الزام عائد کیا کہ لکر اسکام میں کے سی آر کی دختر کویتا کا رول ہے۔ انہوں نے اوبرائے ہوٹل میں شراب کے تاجروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ بی جے پی قائدین نے کہا کہ شراب کے بڑے بیوپاری چڈھا پریوار سے کویتا کی میٹنگ ہوئی اور انہوں نے اس خاندان سے پیسہ حاصل کرکے فیکٹری کی مہربندی کو ختم کرایا۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے اچانک کے سی آر کے خلاف گھیرا بندی شروع کردی ہے اور توقع ہے کہ سی بی آئی شراب اسکام کے معاملہ میں اپنی تحقیقات کو تلنگانہ تک توسیع دیگی اور چیف منسٹر کے افراد خاندان کو تحقیقات کے دائرہ میں شامل کیا جائیگا۔ بی جے پی کے سنسنی خیز الزامات پر کویتا یا پھر ٹی آر ایس کے کسی لیڈر نے کوئی ردعمل نہیں دیا ۔ ایسے وقت جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ کے دورہ پر ہیں بی جے پی نے شراب اسکام میں کے سی آر خاندان کو گھیرتے ہوئے تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ر