کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات پر کھلے مباحث کا چیلنج: ریونت ریڈی

   

کالیشورم پراجکٹ میں کرپشن کا الزام ، راہول گاندھی پر بی آر ایس قائدین کی تنقیدیں مسترد
حیدرآباد ۔3۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا اور کہا کہ 2001 ء سے آج تک کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، وہ کرپشن کا نتیجہ ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی بے قاعدگیوں کے الزام کو دہرایا اور کہا کہ کالیشورم پراجکٹ پر سی اے جی نے جو رپورٹ پیش کی ہے ، اس پر مباحث کے لئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو چیلنج کرتے ہیں۔ انہوں نے راہول گاندھی کے دورہ کھمم پر ریاستی وزراء کی تنقید کو غیر ضروری قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے حکومت پر جو الزام عائد کئے ہیں ، وہ حقائق پر مبنی ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کی لاگت 40,000 کروڑ طئے کی گئی تھی جو بعد میں بڑھ کر ایک لاکھ 50 ہزار کروڑ ہوچکی ہے۔ تلنگانہ کیلئے کالیشورم پراجکٹ سفید ہاتھی کی طرح ہے ۔ سی اے جی نے اپنی رپورٹ میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ سی اے جی رپورٹ پر مباحث کے لئے تیار ہوجائیں اور کانگریس پارٹی اپنے الزامات کو ثابت کرے گی۔ راہول گاندھی کی تقریر سے کے سی آر حکومت کا کرپشن بے نقاب ہوچکا ہے۔ 2001 ء میں تلنگانہ تحریک کے آغاز کے بعد سے جولائی 2023 ء تک کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات پر کھلے مباحث کا چیلنج کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہر پراجکٹ میں ہزاروں کروڑ کا کمیشن حاصل کیا گیا ۔ انہوں نے راہول گاندھی پر تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام بی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔اکھلیش یادو کی کے سی آر سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپوزیشن اجلاس میں بی آر ایس کو مدعو کرنے سے روک دیا تھا ۔ جاریہ ماہ بینگلور میں ہونے والے اپوزیشن اجلاس میں بھی بی آر ایس کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے ملاقات کی ذمہ داری نتیش کمار کی ہے اور کے سی آر سے اکھلیش یادو کی ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار کے باوجود راہول گاندھی نے کوئی عہدہ قبول نہیں کیا تھا ۔ گاندھی خاندان پر تنقید کا بی آر ایس قائدین کو اخلاقی حق حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں، برسر اقتدار آتے ہی ان پر عمل کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دراصل ایک ہیں اور راہول گاندھی نے بی آر ایس کو بی جے پی رشتہ دار سمیتی کا جو نام دیا ہے ، وہ صد فیصد درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ضعیفوں ، بیواؤں ، معذورین اور تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین کو ماہانہ 4000 روپئے وظیفہ دیا جائے گا۔ر