کے سی آر عوام کا بھروسہ کھوچکے ہیں

   

رائے دہندے کانگریس پارٹی کی تائید میں ہیں۔ این پدماوتی

حضورنگر۔/16 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات عنقریب منعقد ہونے والے ہیں اور سبھی پارٹیوں نے اپنی اپنی کامیابی کیلئے پورا زور جھونک دیا ہے۔ یہاں سہ رُخی مقابلہ کا امکان ہے یعنی یہ انتخابات کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ہورہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں اتم کمار ریڈی یہاں سے منتخب ہوئے تھے تاہم ان کے استعفی کے بعد اب یہاں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔ یہاں کانگریس نے اتم کمار ریڈی کی اہلیہ این پدماوتی کو امیدوار بنایا ہے۔ سرگرم انتخابی مہم کے باوجود انہوں نے کچھ وقت انٹرویو کے لئے دیا جو اس طرح ہے: این پدماوتی نے کہا کہ چیف منسٹر عوام کا بھروسہ کھوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ آر ٹی سی ہڑتال کا اثر اس حضور نگر کے ضمنی انتخابات پر ضرور پڑے گا۔ عوام ٹی آر ایس سے مایوس ہوچکے ہیں اور عوام کے سی آر کے طرز حکومت کو خوب سمجھ چکے ہیں۔ عوام مکمل طور پر کانگریس پارٹی کی حمایت میں ہیں۔اس سوال پر کہ ماضی میں اتم کمار ریڈی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں خوب واقف ہیں اور وہ اس تعلق سے کافی شہرت رکھتے ہیں کیا رائے دہندے ان کی اہلیہ کو ووٹ دینا پسند کریں گے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی پارٹی اُمور میں مصروف ہوتے تو میں حضور نگر کا دورہ کرکے معاملات دیکھا کرتی تھی اور سونیا گاندھی نے مجھے اس لئے ٹکٹ نہیں دیا کہ میں اتم کمارریڈی کی اہلیہ ہوں بلکہ سونیا جی نے اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی کو نظر میں رکھتے ہوئے مجھے ٹکٹ دیا ہے اور اتم کمار ریڈی کے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے سبب مجھے بھرپور مدد ملے گی۔ اس سوال پر کہ عوام سے آپ کی اپیل کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ جمہوری اقدار کی حفاظت کریں اور جمہوریت کو واپس لائیں ۔ اس سوال پر کہ مشن بھگیرتا اسکیم ملاچیرو میں کیوں نافذ نہیں ہے۔ انہوں نے جواب دیا کہ وہاں پانی کے بھرپور ذرائع موجود ہیں اور پینے کے پانی کی بھی سہولت موجود تھی اور ہمیں مشن بھگیرتا کی ضرورت بھی نہیں تھی جس کے لئے ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے زبردستی کی جارہی تھی۔ ایک اور سوال پر کہ بحیثیت اپوزیشن رکن اسمبلی اگر وہ متخب ہوجاتی ہیں تو حضور نگر کی ترقی کیلئے کیا اقدامات کریں گی؟ انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت اپوزیشن رکن اسمبلی اتم کمار ریڈی 3500 کروڑ روپئے کے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا اگر مجھے رکن اسمبلی منتخب کیا جاتا ہے تو اتم کمار ریڈی نلگنڈہ لوک سبھا کیلئے مرکزی فنڈ لائیں گے اور حضور نگر حلقہ اسمبلی، نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کا ہی ایک حصہ ہے۔ واضح رہے کہ کئی مرکزی اسکیمات بھی ہیں جنہیں ہم حاصل کریں گے اور حضور نگر کی ترقی کے لئے اقدامات کریںگے۔