حیدرآباد 24 نومبر ( سیاست نیوز ) وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کیلئے کچھ نہیں کیا بلکہ ریاست کو پوری طرح تباہ کردیا گیا ۔ انہوں نے صرف اسکامس کے ذریعہ اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کیلئے کروڑہا روپئے کی دولت جمع کی ہے ۔ امیت شاہ نے آرمور میں بی جے پی کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اب بھی وقت ہے سنبھل جائیں ورنہ وہ چین سے سو نہیں پائیں گے ۔ انہوں نے کے سی آر سے کہا کہ ان کا وقت ختم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے جتنے بھی اسکامس کئے ہیں اور جتنے بھی اسکامس میں ملوث ہیں ان تمام اسکامس کی بی جے پی کی جانب سے تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقاتی ایجنسیاں اپنا کام شروع کرتے ہوئے تمام ملزمین کو سلاخوں کے پیچھے بھیجیں گی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ گذشتہ دس سال میں کے سی آر کے دور اقتدار میں ریاست کو پوری طرح سے تباہ کردیا گیا ہے اور ریاست کی بہتری اور ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ۔ کے سی آر نے اسکامس اور بدعنوانیوں کے ذریعہ صرف اپنے فرزند کیلئے کروڑہا روپئے کی دولت ہی جمع کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے ۔ امیت شاہ نے دعوی کیا کہ آر ٹی سی بس ڈپو کیلئے جو زمین الاٹ کی گئی تھی اور جس کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیاتھا اس سرزمین کو بی آر ایس رکن اسمبلی نے ہتھیا لیا ہے اور قبضہ کرلیا ہے ۔ امیت شاہ نے سوال کیا کہ کے سی آر نے بدعنوان رکن اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ کیوں دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا گیا کیونکہ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی معاملتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے نظام آباد میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں کے کسانوں کو اپنی پیداوار کی اچھی قیمت مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے پٹرول پر قیمت میں کمی کی ہے لیکن کے سی آر نے ایسا نہیں کیا ۔