ٹی ہریش راؤ کا الزام، الحاج محمد سلیم کی جانب سے مشیرآباد راشن کٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ کی کانگریس حکومت پر اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو فراموش کرنے کا الزام عائد کیا۔ ہریش راؤ مشیر آباد کے انجمن گرلز ہائی اسکول بھولک پور میں سابق رکن قانون ساز کونسل و سابق صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کی جانب سے غریب مسلم خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ الحاج محمد سلیم نے اپنے ذاتی خرچ سے تقریباً 1500 غریب خواتین میں راشن کٹس تقسیم کئے اور وہ حیدرآباد میں 10 ہزار سے زائد کٹس کی تقسیم عمل میں لارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے مختلف علاقوںمیں محمد سلیم کی جانب سے 10 ہزار راشن کٹس کی تقسیم پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے برکت کی دعا کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت میں شادی مبارک اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپے کی امداد دی گئی اور لڑکی کی پیدائش پر 13 ہزار روپے اور کے سی آر کٹ تحفہ دیا گیا۔ کانگریس نے شادی مبارک کے تحت 1,60,000 روپے اور ایک تولہ سونے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ اقلیتی بہبود کیلئے علیحدہ سب پلان، 4000 کروڑ بجٹ و آئمہ اور موذنین کے اعزازیہ کو 12,000 کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ حکومت کے ڈھائی سال مکمل ہوگئے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ بے روزگار اقلیتی نوجوانوں کیلئے ایک ایک ہزار کروڑ کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے شادی مبارک اسکیم کے منظورہ چیکس آج بھی تقسیم ہو رہے ہیں۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت کو توڑ پھوڑ حکومت قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ڈھائی سال میں حیدرآباد میں ایک بھی مکان تعمیر نہیں کیا گیا۔ برخلاف اس کے ایک لاکھ مکانات منہدم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی تلنگانہ کے جونیر مودی اور جونیر یوگی کا رول ادا کررہے ہیں۔ ( باقی سلسلہ صفحہ 2 پر )