کے سی آر کا محمد بن تغلق سے تقابل: جی ویویکانندا

   

سکریٹریٹ کاانہدام غیر ضروری،چیف منسٹر پر آمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔13اگست ( سیاست نیوز) جی ویویکانندا جنہوں نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا تقابل محمد بن تغلق سے کیا اور ان پر ریاستی سکریٹریٹ کو منہدم کرنے کا الزام عائد جو کہ غیر ضروری ہے اور کہا کہ اس کیلئے ہونے والے اخراجات کو سماجی بہبود کے کاموں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ مسٹر ویویکانندا نے ٹی آر ایس قائد کے آمرانہ رویہ کی مذمت کی اور کہا کہ وہ صرف ان کے خاندان کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں ، نہ کہ ریاست کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک قومی پارٹی ہے جو وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔ریاست تلنگانہ کا قیام عوام کے فائدہ کیلئے ایک جمہوری تلنگانہ کی اساس پر ہوا ہے لیکن انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ میں ایک خاندان کی حکومت چل رہی ہے اور ڈکٹیٹرشپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان کے کام کرنے کے انداز کو مسترد کردیا ہے جو پارلیمنٹ انتخابات میں انہیں ہوئی شکست سے صاف ظاہر ہے ۔ کے سی آر کے آمرانہ رویہ کے باعث ٹی آر ایس نیایم پی کی سات نشستیں کھودی ہیں ۔ اب انہوں نے سکریٹریٹ کو منہدم کرنے کا پروگرام بنایا ہے جو ریاست کا ایک اثاثہ ہے اور 100سال کیلئے تعمیر کیا گیا ہے ۔ کے سی آر تغلق کی طرح اسے منہدم کرنا چاہتے ہیں جس کی بی جے پی مخالفت کرتی ہے ۔