حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( ایجنسیز ) : کانگریس کی سابق ایم پی رینوکا چودھری نے کل کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ انسانی حقوق کو کچل رہے ہیں اور انہوں نے ان کے رویہ کو جمہوریت کے مغائر قرار دیا ۔ رینوکا چودھری نے کے سی آر کابینہ میں موجود وزراء کو چیف منسٹر کے سامنے حقائق پر ان کے بات نہ کرپانے پر ’ مینڈھے ‘ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوال کرنے والی آواز کو دبایا جارہا ہے اور کہا کہ سنگ دل چیف منسٹر نے آر ٹی سی ورکرس کی ہڑتال کا نوٹ نہیں لیا ہے ۔ رینوکا چودھری نے کہا کہ جب کے سی آر کے پالتو کتے کی موت ہوئی تو اس کتے کا علاج کرنے والے ویٹرنری ڈاکٹر کے خلاف کیس درج کیا گیا لیکن یہی حکومت جب آر ٹی سی ورکرس ان کے مطالبات منوانے کے لیے دباؤ ڈالنے خود کشی کرتے ہیں تو خاموش ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر ان کے قریبی لوگوں کو خانگیانے کے نام پر آر ٹی سی کے اثاثہ جات دینے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آر ٹی سی ہڑتال کے منطقی اختتام کے لیے جدوجہد کریں گی ۔۔