تلنگانہ بھون میں تقریب ، ریاست پر دوبارہ گلابی پرچم لہرانے کے عزم کا اظہار
حیدرآباد ۔17 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کی سالگرہ کا تحفہ یہی ہے کہ پارٹی کے تمام قائدین اور کارکن کانگریس کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ چیف منسٹر بنانے کا عزم کریں اور اس کی تیاریوں کا آج سے ہی آغاز کریں۔ تلنگانہ بھون میں پارٹی سربراہ وسابق چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر کیک کٹ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ہریش راؤ کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کے ٹی ار نے کہا کہ جب تلنگانہ تحریک کا آغاز ہوا تو ایک طرف تلگو دیشم دوسری طرف 100 سالہ قدیم تاریخ رکھنے والی کانگریس اور تیسری طرف قومی سطح کی بی جے پی جیسی مضبوط سیاسی قوتیں موجود تھیں لیکن کے سی آر نے کسی طاقت ، دولت یا میڈیا سہارے کے بغیر صرف عزم و حوصلے کے بل پر تحریک کو کامیابی تک پہنچایا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 14 سالہ طویل جدوجہد ، قربانیوں اور عوامی حمایت کے نتیجہ میں تلنگانہ کا قیام ممکن ہوا اور کے سی آر کی قیادت میں ریاست نے 10 سال تک شاندار حکمرانی دیکھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے بھی ایک موقع پر کہا تھا کہ عموماً لیڈر تو بہترین ایجٹیٹر ہوتے ہیں یا اچھے ایڈمنسٹریٹر لیکن کے سی آر دونوں خوبیوں کے حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے لاٹھیاں کھائی۔ جیل گئے اور قربانیاں دیں وہیں عزت و نفس اور جدوجہد کی اصل اہمیت کو جانتے ہیں ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر جدوجہد کریں اور تلنگانہ میں دوبارہ گلابی جھنڈا لہرایئے ۔ کے ٹی آر نے ریاست بھر میں پارٹی سربراہ کی سالگرہ تقاریب منانے والوں سے اظہار تشکر کیا اور کے سی آر کی صحت و درازی عمر کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی۔2