کے سی آر کو مقتول لیڈی ڈاکٹر کے پسماندگان کیلئے وقت نہیں: ہنمنت راؤ

   

دورہ دہلی پر تنقید، قاتلوں کو عبرتناک سزا کا مطالبہ
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں لیڈی ڈاکٹر کے بہیمانہ قتل کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے لیکن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو فرصت نہیں کہ مقتول کے پسماندگان کو پرسہ دیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنی ذمہ داری فراموش کرتے ہوئے نئی دہلی میں شادی کی تقریب میں شرکت کو ترجیح دی ہے۔ لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے ۔ بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کے تمام طبقات اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے انسانی ہمدردی کے ناطے پسماندگان کو پرسہ دینے کے بجائے شادی کی تقریب کو ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک چیف منسٹر کی جانب سے کیا سنگین قتل پر کوئی ردعمل نہیں ہونا چاہئے؟ چیف منسٹر نے واقعہ کے کئی دن تک افسوس کا اظہار تک نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے لیکن حکومت کی ناکامی کے سبب خاطیوں کو سزا نہیں دی جاسکی۔ ہنمنت راؤ نے بھونگیر کے حاجی پور علاقہ میں تین لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث شخص کو سزا دیئے جانے میں پولیس کی ناکامی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ خاطی کو سزا دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک یہ ممکن نہیں ہوا ۔ ورنگل میں کمسن لڑکی کے قتل کے ملزمین کو سزا دینے میں پولیس ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اورحکومت کے تساہل کے سبب غیر سماجی عناصر کے حوصلے بلند ہورہے ہیں اور مظالم میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ خواتین کا چیف منسٹر کے پاس کوئی احترام نہیں ہے، انہیں ایک باپ کی طرح سوچنا چاہئے کہ خواتین پر مظالم سے خاندانوں پر کیا اثر پڑے گا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کے دوران 30 ملازمین کی موت کے باوجود چیف منسٹر نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا تھا لیکن آج ان کے پسماندگان کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پرینکا ریڈی کے پسماندگان کو پرسہ دیئے بغیر نئی دہلی روانہ ہونے پر کے سی آر سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خواتین سے کے سی آر کو معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے پرینکا ریڈی کے قاتلوں کو فوری اور عبرتناک سزا کا مطالبہ کیا۔