چیف منسٹر عوام سے دور ، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ ہفتہ میں کم از کم چار پانچ دن پرگتی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک میں یہ روایت موجود ہے کہ ہر چیف منسٹر روزانہ پرجا دربار کے عنوان سے عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کل ٹولی چوکی کے علاقہ میں قافلہ روک کر سلیم نامی معذور شخص سے کے سی آر کی ملاقات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے معذور شخص کے مسائل کی سماعت کرتے ہوئے فوری یکسوئی کی ہدایت دی۔ ڈبل بیڈ روم مکان اور پنشن منظور کیا گیا اور فرزند کے علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے رقمی منظوری دی گئی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں کے سی آر نے کبھی بھی عوام سے اس طرح ملاقات نہیں کی۔ انہیں اس روایت کو جاری رکھتے ہوئے غریبوں اور ضرورت مندوں کو ملاقات کا موقع دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون میں صرف وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کو شرکت کی اجازت ہے۔ طلبہ، نوجوان اور معذورین بھی چیف منسٹر سے ملاقات کی کوشش کریں تو انہیں پولیس روک دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے خود کو عوام سے دور کرلیا ہے لیکن اب وہ امید کرتے ہیں کہ عوامی مسائل کی سماعت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں کم از کم پانچ دن ایک گھنٹہ کیلئے ’ پرجادربار ‘ منعقد کرتے ہوئے پرگتی بھون میں مسائل کی سماعت کریں تاکہ غریبوں کے مسائل کی فوری یکسوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پرجا دربار کی صورت میں نہ صرف مسائل کی یکسوئی ہوگی بلکہ عوام میں حکومت پر اعتماد بحال ہوگا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ’ پرجا دربار‘ کے سی آر کی نیک نامی میں اضافہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور شخص سلیم سے ملاقات کی میڈیا میں زبردست تشہیر ہوئی ہے اور غریبوں میں امید جاگی ہے کہ انہیں بھی کے سی آر سے ملاقات کا موقع ملے گا۔ اندرا گاندھی سے لے کر حالیہ دور تک بھی کانگریس کے تمام چیف منسٹرس روزانہ عوامی مسائل کی سماعت کرتے رہے ہیں۔
