کے سی آر کی تصویر کے بغیر کویتا کی ’’جاگرتی جنم باٹا‘‘ مہم

   

25 اکتوبر سے 13 فروری تک 33 اضلاع کا احاطہ کرے گی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے کویتا نے کہا کہ سماجی تلنگانہ کے حصول اور عوامی مسائل کی واقفیت کے لئے وہ 25 اکتوبر سے 13 فروری 2026 تک ’’جاگرتی جنم باٹا‘‘ کا انعقاد کر رہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ وہ ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کا شیڈول تیار کرچکی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک پوسٹر ریلیز کیا اور بتایا کہ یہ یاترا کے سی آر کی تصویر کے بغیر نکالی جائے گی۔ تلنگانہ کے مجاہد پروفیسر جئے شنکر کی تصویر کے ساتھ وہ اس یاترا میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بی آر ایس پارٹی کا حصہ نہیں ہیں، انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔ کے سی آر ایک پارٹی کے سربراہ ہیں اس لئے وہ کے سی آر کی تصویر کے بغیر تلنگانہ جاگرتی کے بیانر تلے اپنی یاترا کو مکمل کریں گی۔ کویتا نے کہا کہ ریاست کے ہر ضلع میں دو دن تک ان کی یاترا جاری رہے گی۔ یاترا کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کریں گی اور سماجی تلنگانہ کی تشکیل کیلئے اپنی جانب سے پیشرفت کریں گی۔ کویتا نے کہا کہ کے سی آر کی تصویر کا استعمال نہ کرتے ہوئے وہ کے سی آر کی توہین نہیں کر رہی ہیں بلکہ احترام کر رہی ہیں۔ جب تک بی آر ایس میں تھیں انہوں نے کے سی آر اور پارٹی کے اصولوں کا احترام کیا تھا۔ اب وہ پارٹی کا حصہ نہیں ہیں اس لئے پارٹی اور کے سی آر کی تصویر سے دوری اختیار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی عوام نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 8 حلقوں پر کامیاب بنایا ہے لیکن مرکزی حکومت تلنگانہ سے انصاف کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا۔