کے سی آر کی طبیعت ناساز معائنوں کیلئے ہاسپٹل سے رجوع

,

   

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ناسازیٔ مزاج کے بعد مختلف طبی معائنوں کیلئے یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد سے رجوع کیا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق کے سی آر نے کل پھیپھڑوں میں جلن کی شکایت کی تھی ۔ ان کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ ماہر امراض سینہ، ڈاکٹر نونیت ساگر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر پرمود کمار نے ابتدائی تشخیص کے بعد انہیں یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا جہاں ایم آر آئی ، سٹی اسکیان اور دیگر ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے آج صبح راج بھون میں چیف جسٹس تلنگانہ جسٹس ہیما کوہلی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق کل سے چیف منسٹر اپنی طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے جس کے بعد ان کے شخصی معالجین کو پرگتی بھون طلب کیا گیا ۔ چیف منسٹر کی تمام سرکاری مصروفیات کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ معائنوں کے بعد چیف منسٹر کچھ دنوں کیلئے آرام کرسکتے ہیں۔