کے سی آر کے خلاف مقدمہ درج کرنے ڈاکٹر نارائنا کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے سلسلہ میں عدالت کی جانب سے کے سی آر کے خلاف از خود مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 ملازمین کی موت کے لئے کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ کے سی آر کے رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر ملازمین نے خودکشی کی اور کئی ملازمین صدمہ سے فوت ہوگئے ۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ہڑتال کے دوران ہائیکورٹ نے جو ہدایات جاری کی گئیں انہیں ماننے سے انکار کیا گیا ۔ کے سی آر نے عدالت کی توہین کی۔ نارائنا نے خواتین پر مظالم میں اضافہ کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ لیڈی وٹرنری ڈاکٹر کے قتل کے ذمہ داروں کا انکاؤنٹر کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے اس واقعہ پر وزراء کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ۔ سی پی آئی قائد نے چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی سے مطالبہ کیا کہ امراوتی میں عوام کی سہولت کیلئے تعمیر کردہ عمارتوں کے انہدام کی وجوہات سے عوام کو واقف کرائیں۔