ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال
پولیس کانگریس کی خانگی فورس میں تبدیل ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے گجویل میں کے سی آر کے کیمپ آفس پر کانگریس کارکنوں کے حملے اور فرنیچر کو نقصان پہنچانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔ ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حکم پر کانگریس کے غنڈوں نے یہ حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بگڑ چکی ہے اور عوامی منتخب نمائندوں کے دفاتر پر حملے معمول بنتے جارہے ہیں۔ کانگریس غنڈوں کا طرزعمل بہار کی غنڈہ گردی کی یاد تازہ کررہا ہے۔ اگر ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس محفوظ نہیں ہیں تو عام عوام کا کیا حال ہوگا؟ ہریش راؤ نے پولیس کے کردار پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ پولیس مشنری امن و امان برقرار رکھنے کے بجائے کانگریس کی ’’پرائیویٹ فورس‘‘ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث افراد کی فوری شناخت کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کے نام پر ایک طرف نئے قوانین کے نام پر اپوزیشن کو دبایا جارہا ہے اور دوسری طرف کانگریس کارکنوں کو غنڈہ گردی کی کھلی چھوٹ دی جارہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسے حملے جاری رہیں تو عوام جمہوریت کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ ہریش راؤ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء دیگر ریاستوں میں انتخابی مہم چلارہے ہیں اور ریاست کے امور کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی ایسے حملوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی۔ ہر سطح پر کانگریس کا مقابلہ جاری رکھے گی۔M2Y