حیدرآباد۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ رینوکا چودھری نے چیف منسٹر کے سی آر پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے کے سی آر ڈکٹیٹرشپ چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں اور عوامی مسائل پر سوال کرنے والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ رینوکا چودھری نے ریاستی وزراء کو بھیڑ بکریوں سے تعبیر کیا اور کہا کہ کسی بھی وزیر میں یہ ہمت نہیں کہ وہ عوامی مسائل پر چیف منسٹر سے نمائندگی کر سکے۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال پر چیف منسٹر کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہا کہ تقریباً دو ہفتوں سے آر ٹی سی ملازمین ہڑتال پر ہیں لیکن کے سی آر کو ان کے مسائل کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ تلنگانہ میں ٹرانسپورٹ سسٹم ٹھپ ہوچکا ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ چیف منسٹر کا کُتاّ مرجائے تو ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ لیکن انسانوں کے موت پر کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ آر ٹی سی کے کئی ملازمین نے حکومت کے رویہ سے تنگ آکر خودکشی کرلی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی کو خانگیانے اور اپنے قریبی افراد کے حوالے کرنے کے منصوبے کے تحت ہزاروں ملازمین کی قربانی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سی آر سے خوفزدہ نہیں ہے اور وہ عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔