بے قاعدگیوں کو چھپانے کے لیے اپوزیشن کو کچلنے کا الزام
حیدرآباد۔11 جولائی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی انتخابی تشہیر کمیٹی کی صدرنشین فلم اسٹار وجئے شانتی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے ڈکٹیٹرشپ پر مرکزی حکومت کا نظرر کھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے عوامی رقومات کا بے جا استعمال کیا ہے اس کے علاوہ حکومت کی بے قاعدگیوں میں اضافہ ہوگیا۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ثبوتوں کے ساتھ حکومت کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کو بے نقاب کیا گیا لیکن حکومت کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اپوزیشن کی آواز کچلنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین دھمکی دے رہے ہیں کہ بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کرنے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایسے میں مرکزی حکومت کا ریاستی حکومت کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا خوش آئند ہے۔ بی جے پی قائدین کا یہ اعلان کہ حکومت کے کرپشن اور بے قاعدگیوں کی اطلاعات پر مرکزی حکومت توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ اس بیان سے ریاست کے عوام خوش ہیں اور اسے خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ کے سی آر کوئی بھی قدم اٹھائے پوچھنے کی جرأت کرنے والا کوئی نہیں ہے کیوں کہ ہر کسی کو دھمکیوں کے ذریعہ کمزور کیا گیا۔ ان حالات میں عوام کے سی آر حکومت کو سبق سکھانے کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ صرف نظر رکھنے کے بجائے ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ مرکز کے اس اقدام سے بنگارو تلنگانہ کے نام پر چل رہا ناٹک ختم ہوگا۔