پولیس عہدیداروں کو دھمکانے کا الزام، رکن کونسل بی وینکٹ کا بیان
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ نے بی آر ایس قائدین کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی جانب سے پولیس عہدیداروں کو مبینہ دھمکی کے خلاف کارروائی کے لئے ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی کو یادداشت پیش کی۔ ڈی جے پی آفس میں ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھاگوت کو یادداشت پیش کی گئی کیوں کہ شیودھر ریڈی موجود نہیں ہے۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے ٹیلیفون ٹیاپنگ اسکام میں طلب کئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ بی آر ایس برسر اقتدار آنے پر عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اگر وہ ریٹائرڈ بھی ہوجائیں تب بھی اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے بیانات کے اقتباسات کو شامل کرتے ہوئے بی وینکٹ نے دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دونوں کے بیانات کے ویڈیوز پر مشتمل پین ڈرائیو مہیش بھاگوت کے حوالہ کیا گیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی وینکٹ نے کہاکہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کسی کے دباؤ کے بغیر قانون کے مطابق کام کررہی ہے۔ عہدیداروں کو دھمکی دیتے ہوئے تحقیقات سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو مکمل آزادی دی ہے اور عہدیدار ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر جانچ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس عہدیداروں کو دھمکی دینا تحقیقات کے رُخ کو موڑنے کی کوشش ہے۔ بی وینکٹ نے کہاکہ عہدیداروں کو دھمکانے کے معاملہ میں دونوں سابق وزراء کے خلاف کارروائی کی جائے۔1