منشیات کا ٹسٹ کرانے راہول گاندھی تیار ہے تو وہ دہلی پہنچ کر ایمس ہاسپٹل میں اپنا ٹسٹ کرائیں گے
حیدرآباد ۔ 20ستمبر ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے منشیات کے معاملے میں ان کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے خلاف سٹی سیول کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا اور کہا کہ وہ ہر ٹسٹ کیلئے تیار ہیں ۔ کیا کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی بھی منشیات ٹسٹ کرانے تیار ہے ۔ گذشتہ دو دن سے منشیات کے خلاف کے ٹی آر اور ریونت ریڈی کے درمیان سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹیوٹر پرلفظی جنگ جاری ہے جس پر آج کے ٹی آر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا ۔ انہوں نے ایک ٹیوٹ کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی اور کہا کہ سیاسی مقاصد کی خاطر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی منشیات کے معاملے میں ان کے حلاف من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے خلاف وہ عدالت سے رجوع ہوچکے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ڈرگس کیس کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے رجوع ہونے والوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن ریونت ریڈی غیر ضروری طور پر ان کے نام کو گھسیٹنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ عدالت سے رجوع ہوکر ریونت ریڈی کے خلاف کریمنل کارروائی کرنے کی بھی درخواست کرچکے ہیں ، انہیں امید ہے کہ عدلیہ اس کا جائزہ لے گی اور ان کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کی جانب سے انہیں پیش کردہ ’’ وائیٹ چیلنج ‘‘ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی ٹسٹ کیلئے تیار ہیں تاہم جیل جانے والے ریونت ریڈی کے بجائے راہول گاندھی ٹسٹ کرانے کے لئے تیار ہے تو وہ خود دہلی کے ایمس ہاسپٹل پہنچ کر ٹسٹ کرانے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ٹسٹ کرانے کے بعد کلین چٹ حاصل کرتے ہیں تو ریونت ریڈی ان سے معذرت خواہی کریں ۔ عہدوں سے مستعفی ہونے کے ساتھ لائیو ڈیٹکیو ٹسٹ کیلئے تیار ہے ، ریونت ریڈی سے استفاس کیا ۔ (N)