حیدرآباد 16 نومبر ( یو این آئی ) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے سوشیل میڈیا پر گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈسے امر ہے ٹرینڈنگ کی مذمت کی ہے ۔ٹوئیٹر پرسرگرم تارک راما راو نے کہا کہ عظیم شخصیت جس سے دنیا بھر میں حد سے زیادہ محبت کی جاتی ہے ،کی توہین کی گئی ہے ،بابائے قوم کی شبیہ کی بے حرمتی اور قاتل کی ستائش کرنامناسب نہیں ہے ۔اس کے ذریعہ گاندھی جی کو نیچا دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کیا یہ ہمارے لئے شرم کی بات نہیں ہے کہ ہم اس پر خاموش ہیں اور اپنے احمقانہ وپاگل پن کے دلائل کے ساتھ اس طرح کی دلائل پیش کرنے والوں کی مذمت نہیں کرتے ۔تارک راما راو نے کرشنن نامی ٹی آرایس کے حامی کے ٹوئیٹ کو ٹیگ کیا جس میں کرشنن نے کہا تھا کہ کون ہیں یہ لوگ جوگوڈسے امر ہے کی ٹرینڈنگ کررہے ہیں؟ ان کا تعلق کس جماعت سے ہے ؟گاندھی جی کا قتل کرنے والا زندہ باد کہنا کیا یہ ان کی توہین نہیں ہے ؟۔
