کے ٹی آر و ہریش راؤ کی پرگتی بھون طلبی ‘ چیف منسٹر نے سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا

,

   

کمیونسٹوں سے اتحاد، مجلس سے مفاہمت۔ کانگریس و بی جے پی سے نمٹنے کی منصوبہ بندی
کے سی آر کی دو تین دن میں دہلی روانگی۔ بی آر ایس کی توسیع کیلئے دورہ اُوڈیشہ کا امکان

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر اور ٹربل شوٹر ٹی ہریش راؤ کو طلب کرکے ملک و ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ ملک بھر میں بی آر ایس کو توسیع دینے اور تلنگانہ میں مسلسل تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرنے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ کمیونسٹ جماعتوں سے اتحاد، مجلس سے مفاہمت۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی تشہیر ، اپوزیشن کے الزامات اور تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دینے سوشیل میڈیا کا بھرپور استعمال کرنے کے علاوہ دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر دو یا تین دن میں دہلی کا دورہ کریں گے ، وہاں مختلف جماعتوں کے قائدین سے ملاقات اور پھر اوڈیشہ کا دورہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ابھی سے تلنگانہ اور لوک سبھا کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ملک میں بی جے پی کی فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے قومی سطح پر ہم خیال سیکولر جماعتوں سے اتحاد کرنے جہاں منصوبہ تیار کررہے ہیں وہیں تلنگانہ میں مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرکے جنوبی ہند میں نئی تاریخ رقم کرنے خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو اہم ذمہ داریاں دی ہیں۔ جس میں بی آر ایس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے، پارٹی قائدین کے درمیان جو نظریاتی اختلافات ہیں انہیںدور کرنے ، جن اسمبلی حلقوں میں ارکان اسمبلی کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ہیں ان حلقوں پر پارٹی کو دوبارہ کامیاب بنانے کیاکیا جائے اس پر بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ناراض قائدین اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے ، ضرورت پر ان سے بات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑکے ضمنی انتخاب میں کمیونسٹ جماعتوں کی تائید حاصل ہونے کے بعد ان سے مستقبل میں اتحاد کرنے سے اتفاق کیا گیا تھا۔ اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حیدرآباد مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں حکمران جماعت بی آر ایس نے مقابلہ کی بجائے مجلس کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام انتخابات میں اس کے اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ دونوں وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے اپنی دن بھر کی مصروفیات منسوخ کرکے پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر سے چار گھنٹوں تک ملاقات کی ۔ اجلاس میں تلنگانہ حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کی وسیع تشہیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی ، بی سی ، اقلیتوں ، اعلیٰ طبقات کیلئے متعارف کردہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اس کی تشہیر کیلئے بی آر ایس کے منتخب نمائندوں اور دوسرے قائدین کو عوام کے درمیان پہنچانے کا پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ اضلاع میں جدید کلکٹریٹس کی عمارتوں کا افتتاح کرنے ریاست کے مختلف اسمبلی حلقوں میں زیر التواء کاموں کو عاجلانہ طور پر مکمل کرنے کانگریس و بی جے پی سے مقابلہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر دو یا تین دن میں دہلی کا دورہ کریں گے۔ دہلی میں زیر تعمیر بی آر ایس بھون کا معائنہ کریں گے۔ اس دورے میں چیف منسٹر قومی میڈیا سے ملاقات کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی قومی سطح پر کانگریس اور بی جے پی کی حلیف جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرنے کا بھی چیف منسٹر منصوبہ بنارہے ہیں۔ اگر ممکن ہوسکے تو اوڈیشہ کا دورہ کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ اوڈیشہ سے بڑے پیمانے پر مختلف جماعتوں کے قائدین نے حیدرآباد پہنچ کر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ بی آر ایس اوڈیشہ یونٹ کے صدر کا بھی سرکاری طور پر اعلان کرنے کا امکان ہے۔ن