سیاسی اختلافات بھول کر ارکان نے مبارکباد دی
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) سیاسی قائدین بسااوقات اپنے سیاسی اختلافات بھول کر ایک دوسرے کی خوشی میں شامل ہوتے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں آج کچھ ایسا ہی منظر دیکھا گیا۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ کی آج سالگرہ تھی وہ جیسے ہی ایوان میں داخل ہوئے بی آر ایس، کانگریس، بی جے پی، مجلس اور سی پی آئی کے ارکان نے ان کی نشست تک پہنچ کر انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کئی اپوزیشن ارکان کے ٹی آر سے بغلگیر ہوگئے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کے ٹی آر کی نشست تک جاکر انہیں مبارکباد دی۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر جی پرساد کمار نے ایوان کی جانب سے کے ٹی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کے ٹی آر کی تصویر کے ساتھ انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ کے ٹی آر نے جواب میں چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔1