کے ٹی آر کو تلنگانہ کا آئندہ چیف منسٹر بنانے کے سی آر کا منصوبہ

,

   

داخلی اختلافات کی وجہ سے واضح اعلان سے گریز ۔ پارٹی قائدین کے سی آر کی قربت حاصل کرنے کوشاں

حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر و سربراہ بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی کے سیاسی قد کو اونچا کر رہے ہیں! پارٹی تلنگانہ میں دوبارہ اقتدار حاصل کرتی ہے تو تلنگانہ کے اگلے چیف منسٹر کے ٹی راما راؤ ہوں گے! چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قومی سیاست میں دلچسپی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کی قیاس آرائیوں اور کے ٹی آر کی دہلی میں مرکزی وزراء سے ملاقاتوں کو دیکھتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ کے سی آر اپنے فرزند کے سیاسی قد کو بلند کرنے کی کوشش میں ہیں۔ سابق میں ایک سے زائد مرتبہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ چندر شیکھر راؤ نے اپنے فرزند کو پارٹی کے ریاستی امور کی باگ ڈور حوالہ کرنے کے بعد انہیں حکومت کی باگ ڈور بھی تفویض کرنے والے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوپایا ۔تلنگانہ راشٹرسمیتی کو بھارت راشٹر سمیتی میں تبدیل کئے جانے اور کے سی آر کی مہاراشٹرا کی سیاست میں دلچسپی کے علاوہ لوک سبھا کیلئے مقابلہ کی قیاس آرائیوں کے دوران اب دوبارہ یہ کہا جار ہاہے کہ کے سی آرحکومت کی ذمہ داری اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کو تفویض کرسکتے ہیں۔ کے ٹی آر جو کہ ریاستی امور بالخصوص بیشتر وزارتوں کے معاملات میں راست یا بالواسطہ مداخلت کر رہے ہیں اور انہیں ریاست کے بیشتر اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کیلئے مدعو کیا جا رہاہے ایسے میں پارٹی قائدین کا کہناہے کہ ریاستی امور کے ٹی آر کے حوالہ ہوچکے ہیں اسی لئے پارٹی قائدین خود کو کے ٹی آر سے قریب رکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کو دوبارہ اقتدار پر کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی قیاس آرائیوں کے دوران پارٹی میں داخلی انتشار کے خدشات کے تحت چیف منسٹر اس پر بیان دینے سے گریز کر رہے ہیں جبکہ پارٹی قائدین یہ بات محسوس کرچکے ہیں کہ بی آر ایس سربراہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے ٹی آر کی نگرانی میں لڑانے کی تیاری کررہے ہیں۔م