کے ٹی آر کیخلاف کونڈا سریکھا کے ریمارکس پر عدالت کی برہمی

   

مستقبل میں احتیاط کا مشورہ، ہتک عزت مقدمہ کی 21 نومبر کو آئندہ سماعت
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی سیول کورٹ نے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کو پابند کیا ہے کہ وہ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے خلاف اہانت آمیز بیانات سے گریز کریں۔ کے ٹی آر نے کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جس کی سماعت کے دوران آج سٹی سیول کورٹ کے جج نے کونڈا سریکھا کے ریمارکس کو انتہائی قابل اعتراض قرار دیا۔ عدالت نے کونڈا سریکھا کو ہدایت دی کہ وہ کے ٹی آر کے خلاف اہانت آمیز بیانات سے گریز کریں ۔ عدالت نے کونڈا سریکھا کے قابل اعتراض بیانات کو میڈیا ، سوشیل میڈیا ویب سائیٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمس سے حذف کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے یو ٹیوب ، فیس بک اور گوگل کو ہدایت دی ہے کہ کونڈا سریکھا کے ویڈیوز کو فوری حذف کریں۔ میڈیا سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ویب سائیٹس سے کونڈا سریکھا کے بیان کو نکال دیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کونڈا سریکھا کے ریمارکس سماج پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ شائد یہ پہلا موقع ہے جب ہتک عزت کے کسی معاملہ میں عدالت نے ایک اہم شخصیت کو وارننگ دی ہو۔ کے ٹی آر نے کونڈا سریکھا کے خلاف سو کروڑ کا ہتک عزت کا دعویٰ پیش کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کونڈا سریکھا نے فلمسٹار ناگرجنا کے فرزند ناگا چیتنیہ کی شخصی زندگی کے بارے میں ریمارکس کرتے ہوئے کے ٹی آر کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ نامپلی کورٹ نے آئندہ سماعت 21 نومبر کو مقرر کی ہے ۔ 1