ٹی آر ایس کو ایک بھی ترقیاتی کام ثابت کرنے کا چیلنج، آر ٹی سی ملازمین دھمکیوں سے خوفزدہ نہ ہوں
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حضور نگر میں روڈ شو کے دوران کے ٹی راما راؤ نے جھوٹ اور گمراہ کن باتوں کا سہارا لیا ہے تاکہ کسی بھی طرح ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حضور نگر کے عوام باشعور ہیں اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ حضور نگر کی ترقی کیلئے کس نے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے پارٹی کے کسی قائد کی جانب سے لکھی گئی اسکرپٹ کو پڑھ کر سنادیا۔ اگر وہ کسی ایک موضع کا دورہ کرتے تو انہیں پتہ چلتا کہ کانگریس نے کس طرح ترقی دی ہے۔ انہوں نے پھر ایک بار کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ وہ حضور نگر کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کے ایک بھی کارنامہ کو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر آنے سے پہلے کے ٹی آر کو معلومات حاصل کرنے چاہیئے تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا لے کر عوامی تائید حاصل نہیں کی جاسکتی۔ گزشتہ چھ برسوں میں حضور نگر کی ترقی کو فراموش کرنے والے قائدین آج ہم پر تنقید کررہے ہیں۔ جس روڈ پر کے ٹی آر کا روڈ شو ہوا وہ سڑک میں نے تعمیر کرائی ہے۔ راستہ میں ایم آر او آفس ، 100 بستروں کا دواخانہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج بھی کانگریس کا قائم کردہ ہے۔ ٹی آر ایس نے حلقہ کی ترقی پر کبھی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں کانگریس کیلئے ایک ووٹ دو ارکان اسمبلی کیلئے ہوگا۔ میں اور پدماوتی ریڈی دونوں رکن اسمبلی کی طرح حضور نگر کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کی اور ورکرس سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کی دھمکیوں سے متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے اور سرکاری ملازمین کے مماثل مراعات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو نقصانات سے اُبھارکر فائدہ مند ادارہ میں تبدیل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرتے ہوئے نہ صرف ملازمین کے مسائل حل کرے بلکہ آر ٹی سی کا تحفظ کرتے ہوئے لاکھوں خاندانوں میں خوشی اور مسرت کا ماحول پیدا کرے۔