گاؤں والوں نے پہلی بار ٹرین کو دیکھا … جشن کا ماحول

   

حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) ہندوستان آزاد ہوئے 75 سال مکمل ہوچکے ہیں لیکن آج بھی کئی دیہات ایسے ہیں جہاں کے لوگوں نے ٹرین کو نہیں دیکھا۔ ترقی کے بلند بانگ دعوے کرنے والی حکومتوں نے ہر گاؤں تک ٹرین کی سہولت فراہم نہیں کی ہے۔ تلنگانہ کا میدک ضلع آج بھی مکمل طور پر ٹرین سرویس سے محروم ہے۔ رامائم پیٹ منڈل کے اکنا پیٹ میں گڈس ٹرین کے پہنچتے ہی گاؤں میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ گاؤں کے بچوں نے آج تک ٹرین کو صرف تصویروں میں دیکھا تھا اور پہلی بار اپنی نظروں کے سامنے دیکھ رہے تھے۔ دراصل میدک تا اکنا پیٹ ریلوے لائن کی تنصیب کا کام جاری ہے اور کنکر بچھانے کے کام میں گڈس ٹرین کی مدد لی گئی۔ پٹریوں پر تجرباتی طور پر گڈس ٹرین کو چلایا گیا اور جیسے ہی یہ ڈبے اکنا پیٹ پہنچے گاؤں والے خوشی سے جھوم اٹھے کیونکہ انہیں سفر کی ایک بہتر سہولت حاصل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 گھنٹوں تک ریلوے حکام نے تجرباتی طور پر اکنا پیٹ سے 2 کیلو میٹر تک گڈس ٹرین کو گذارا۔ر
ریلوے لائن کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کرتے ہوئے ٹرین کی سہولت کا گاؤں والوں کو انتظار ہے۔ر